(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون کا حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق لاہور سے حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ کے جرم میں مطلوب اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، گرفتار ملزمان میں محمد عمر، عبداللہ خالد اور شان حیدر شامل ہیں۔
حکام کابتانا ہے کہ ملزم شان حیدر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھا، ملزم نے معصوم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم نے شہری کو بغرض ملازمت برطانیہ بھجوانے کے لیے 16 لاکھ روپے وصول کیے اور پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا۔
کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے مختلف کارروائیوں میں ہال روڈ لاہور سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ، ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ریکٹ کا سرغنہ تھے، چھاپوں کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 25 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے برآمد کرلیے گئے ۔
حکام کے مطابق ملزمان سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمدہوئے ہیں، ملزمان موبائل فون کے ذریعے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلا رہے تھے، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگرکی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔