(لاہور نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خواتین کی حراسگی کو ریڈ لائن قرار دینے کے بعد پنجاب پولیس نے لبرٹی میں خواتین کے تحفظ کے لیے واک کا اہتمام کیا۔
ریلی لبرٹی چوک سے شروع ہو کر لبرٹی مارکیٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت دیگر افسران نے خصوصی شرکت کی۔
ریلی میں خواتین اہلکار اور عام خواتین نے ہاتھوں میں عورتوں کے تحفظ بارے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، واک کے دوران لبرٹی چوک کو ایک طرف سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب میں اے ایس پی شہر بانونقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب پولیس خواتین پر ظلم و تشدد کی روک تھام اور حقوق کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہے، عورت پر اب ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پر کسی بھی نوعیت کے جرم، امتیازی سلوک، تشدد یا حقوق کو صلب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، طالبات، ورکنگ ویمن ، گھریلو خواتین ، ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔
سیدہ شہربانو کا مزید کہنا تھا کہ صنفی جرائم میں ملوث سفاک ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے، خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کریں گے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔