(ویب ڈیسک) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق حکومت 10 سال میں 10 نہیں صرف 5 ہسپتال ہی دکھا دے جو یہاں بنائے ہوں۔
مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے نواز شریف ہزارہ اور مانسہرہ سے محبت کرتے ہیں، خیبر پختونخوا جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے ، تجربہ گاہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اتنی سردی ہے مشکل سے سورج نکلا ہے، لوگ دیوانہ وار جلسہ گاہ میں داخل ہو رہے ہیں۔
چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں یہاں رشوت کا بازار گرم ، اپنی جیبیں بھریں گئیں، میں نے تو بلین ٹری منصوبہ کہیں نہیں دیکھا ،کیا آپ نے دیکھا ہے، جو درخت لگے تھے انکو بھی کاٹ کر پیسے کھائے گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سابق حکومت 10 سال میں 10 نہیں صرف 5 ہسپتال ہی دکھا دے جو یہاں بنائے ہوں ، کوئی گرین لائن یا میٹرو بس سروس ہی دکھا دو، کوئی دانش سکول ہی دکھا دو جو تم نے عوام کیلئے یہاں بنایا ہو؟
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ سابق حکمران صرف سیاسی مخالفین نہیں تھے بلکہ ذاتیات پر اترتے تھے، پورا خیبرپختونخوا ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنے والا صوبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کے اعمال قبر تک پیچھا کرتے ہیں، آپ اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا، آپ خود پر رحم کرو، مانسہرہ نے اپنا فیصلہ 8 فروری کے بجائے 22 جنوری کو سنا دیا ہے۔