(ویب ڈیسک) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور تناؤ میں کمی لانے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق فریقین نے باہمی تناؤ میں کمی لانے، اعتماد کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
فریقین نے ایک دوسرے کے کور ایشوز اور درپیش چیلنجز کو مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی سفارتی تعلقات کی بحالی پر بھی اتفاق کر لیا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ کا جلیل عباس جیلانی کو فون
پاکستان اور ایران کے درمیان تناؤ کے پیش نظر ترکیہ کے وزیر خارجہ نے بھی نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو فون کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان جاری معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے نقطہ نظر اور حالیہ امور سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے آپریشن مارگ بر سرمچار کا مقصد ایران کے اندر دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانا تھا، پاکستان کو کشیدگی میں کوئی دلچسپی یا خواہش نہیں ہے۔
کشیدگی کیوں پیدا ہوئی؟
واضح رہے کہ 17 جنوری کو ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
جوابی کارروائی
ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر پاکستان نے ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے تھے۔