(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شیخ رشید حلقہ 56اور57میں لڑنے کا اہل ہے، آج عدالت نے میرے خلاف سازش کوناکام کرکے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کے این اے 56 اور 57سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں ، آر او کی جانب سے کاغذات مسترد کئے جانے کیخلاف شیخ رشید نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔
این اے 56 اور 57 کے آر اوز عدالت الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے، الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سماعت کی ۔
شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرازق اور سردار شہباز عدالت پیش ہوئے ، عدالت نے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کے کاغذات منظور کر لئے ۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپنی ماؤں ،بہنوں ،علما اور راولپنڈی کے بزرگوں کا شکر گزار ہوں، سازش تیار کی گئی تھی کہ حلقہ 56اور57میں مجھے نااہل قراردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طے پایا ہے کہ میں خاندانی ہوں،اصلی اورنسلی ہوں، میں نے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا اور نہ سازش کی، میں نے کبھی کسی کی عزت سے نہیں کھیلا۔
شیخ رشید نے راولپنڈی کے لوگوں سے اپیل کی کہ نکلو اورحلقہ 56اور57میں قلم دوات پر مہر لگاؤ، نالہ لئی،ماں بچہ ہسپتال،ڈھوک دلال کالج چشم زدن میں بنے گا، اللہ نے چاہا تو راولپنڈی میں قلم،دوات کی کامیابی تاریخی ہوگی۔