(لاہور نیوز ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب بھر کی تمام تحصیلوں میں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سپورٹس کلبزکی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے چند روز کے دوران ہزاروں کلبز کی رجسٹریشن عمل میں لائی جا چکی ہے اور جن کلبز نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروائی ان کیلئے رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ5 دسمبرمقرر کی گئی ہے۔
سپورٹس بورڈ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈ کے آئین کے آرٹیکل 2(آر) کے تحت تمام کلبز کا سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ رجسٹر ہونا لازمی ہے لہٰذا تمام ضلعی اور تحصیل لیول کے کلبز گورنمنٹ کی گرانٹس کی فراہمی ،باقاعدگی کے ساتھ ٹرائلز اور مقابلوں، کھلاڑیوں کیلئے وظائف، انعامات اورکھیلوں کے میدان و دیگر سہولیات کی مفت فراہمی کیلئے فوری اپنی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کلبزکی رجسٹریشن کا فارم اور سپورٹس گیمزکی مکمل تفصیلات سپورٹس بورڈ پنجاب کی ویب سائٹ sportsboard.punjab.gov.pk اور متعلقہ تحصیل سپورٹس آفیسرز کے دفاتر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ کلبزکی رجسٹریشن کروانے کیلئے آخری تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی ہے جس کے بعد کوئی فارم قبول نہیں ہوگا۔