(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیولری انڈر پاس کا افتتاح کردیا۔
افتتاح کے بعد انڈر پاس کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، کیولری انڈر پاس 540 میٹر طویل اور دو لین پر مشتمل ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے نے چھ ماہ میں مکمل ہونا تھا مگر ہم نے اس کو اڑھائی ماہ میں مکمل کیا ہے، کیولری انڈر پاس پر نیسپاک،ایل ڈی اے ،ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں نے خوب محنت کی، ہمارا ٹارگٹ 2ماہ تھا لیکن ہمیں 15دن آگے جانا پڑا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سائیڈوں کی سڑکوں پر کچھ چیزیں رہ گئی ہیں،ان کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا، یہاں سے روز 2لاکھ گاڑیاں گزریں گی، یہاں کے مقامی لوگوں اور پورے لاہور کو اس انڈر پاس سے فائدہ ہوگا، گھوڑا چوک والا فلائی اوور بھی 7دسمبر کو کھل جائےگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ابھی ہمارا اور تین بڑے پراجیکٹس پر فوکس ہے، رنگ روڈ لاہور،رنگ روڈ راولپنڈی اور بند روڈ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے 3دن میں سموگ نیچے آئی ہے، ٹریفک کم ہونے کی وجہ سے سموگ میں کمی ہوئی ہے، اگر ہم احتیاط کریں تو اس سے اثر پڑتا ہے، لوگ غیر ضروری اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔