(لاہور نیوز) لاہور ڈویژن میں سموگ اور فوگ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
حکام کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے سموگ اور فوگ سے سسٹم کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں،مختلف علاقوں میں بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت اور دھلائی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،ڈسک واشنگ یونٹ کے ذریعے انسولیٹرز اور ڈسکوں کو دھویا جارہا ہے۔
ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن شالیمار ملک محمد اشفاق کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث انسولیٹرز اور ڈسکوں پر گرد اور کاربن جم جاتا ہے، سموگ کے ساتھ جب فوگ شروع ہوتی ہے تو یہ کاربن اور گرد کیچڑ بن جاتا ہے، کاربن اورگرد پانی کی آمیزش سے انسولیٹرز اور ڈسکوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال سپارکنگ، بریک ڈاؤن اور دیگر تکنیکی خرابیوں کا باعث بنتی ہے، اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ڈسک واشنگ یونٹ سے سسٹم کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کیا جاتا ہے، اس وقت لیسکو میں سموگ سے سسٹم کو بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔