(لاہور نیوز) موسم سرما شروع ہوتے ہی ایل پی جی مافیا بھی متحرک ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں گیس اوگرا ریٹ سے مہنگی فروخت ہونے لگی۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 251 روپے مقرر جبکہ شہر میں 280 سے 300 روپے تک فروخت جاری ہے۔ قیمتوں میں من مانے اضافہ سے شہری پریشان ہیں۔
شہر میں غیر معیاری اور مضر صحت گیس زائد قیمتوں پر فروخت ہونے لگی۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اور مضر صحت ایل پی جی کینسر کا باعث بن رہی ہے، قیمتوں کو کنٹرول کرنا اوگرا اور ضلعی اداروں کا کام ہے، متعدد بار اوگرا میں شکایات کر چکے ہیں مگر مضر صحت گیس فروخت کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ نہیں کئے گئے۔
عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔