(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز مرحومہ کو ان کی وفات کے پانچ سال مکمل ہونے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑی بہنوں کی طرح بھابھی بیگم کلثوم نواز ہماری دعاؤں اور یادوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گی، آمریت کے خلاف ان کی بہادری، سیاسی بصیرت اور جدوجہد تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب ہے، بیگم کلثوم نواز نے مشکل کی گھڑی میں سیاسی میدان میں قدم رکھا اور ایسا شاندار کردار نبھایا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کے لئے وہ ایک شفیق والدہ کی طرح تھیں، وہ سراپا خیرخواہی اور دانائی تھیں، علم وادب سے انہیں خصوصی محبت تھی، اسلام، قرآن اور مشرقی روایات ہی ان کی پہچان تھی، ذاتی حوالے سے بڑی بہن کے طور پر ان کی شفقت، راہنمائی اور مخلصانہ مشورے میرا قیمتی اثاثہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس دنیا سے رخصت ہوتے وقت ان کے پیاروں کو ان سے دور کردیا گیا تھا، یہ غم ہم بطور خاندان کبھی بھلا نہیں سکتے، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔