(ویب ڈیسک) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں مویشی منڈیاں سج گئی ہیں جبکہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے, تاہم اس سال جانوروں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔
ایل ڈی اے مویشی منڈی میں چھوٹے جانوروں خصوصاً بکروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ منڈی میں موجود سفید راجن پوری بکرے کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے تک طلب کی جا رہی ہے جبکہ عام دیسی بکرا بھی تقریباً ایک لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں اتنی زیادہ قیمتوں پر قربانی کے جانور خریدنا مشکل ہو چکا ہے۔
منڈی میں جانوروں کی تعداد تو کافی زیادہ دیکھی جا رہی ہے لیکن خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ بیوپاریوں کے مطابق لوگ صرف قیمتیں پوچھ کر واپس جا رہے ہیں جبکہ خریداری کا رجحان ابھی سست ہے۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عید قریب آنے پر قیمتوں میں کچھ کمی آئے گی تاکہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق قربانی کا فریضہ ادا کر سکیں۔
