(لاہور نیوز) موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے لاہور سمیت پورے صوبے میں انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ پانچ دن کے دوران صوبے میں 250 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، جن کے دوران 6139 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 28 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران شرپسند و ملک دشمن عناصر کے قبضے سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد، 11 ڈیٹونیٹرز اور 20 فٹ سیفٹی فیوز وائر برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ لاہور اور دیگر علاقوں میں 2545 کومبنگ آپریشنز بھی کئے گئے، جن میں 76 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 509 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، ان کے قبضے سے 1 کلاشنکوف، 9 رائفلز، 35 پسٹلز، 4 بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور دہشت گردوں و شرپسند عناصر کے تدارک کیلئے ڈور ناکنگ جاری رکھی جائے۔
