(لاہور نیوز) رمضان المبارک کی آٹھویں سحری کے موقع پر شہر بھر کے فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلوں پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
سحری کے اوقات قریب آتے ہی مختلف علاقوں میں قائم مشہور کھانے پینے کی دکانیں لوگوں سے بھر گئیں اور خریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
لاہوریے روایتی کھانوں سے خصوصی طور پر لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے، نان چنے، بونگ پائے اور ٹھنڈی لسی کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، کئی شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان کی سحری روایتی لاہوری ذائقوں کے بغیر ادھوری محسوس ہوتی ہے، اسی لئے وہ گھروں کے بجائے باہر آ کر اجتماعی ماحول میں کھانا پسند کرتے ہیں۔
دوسری جانب دودھ اور دہی کی دکانوں پر بھی خاصی رونق رہی، شہری بڑی تعداد میں دودھ، دہی اور لسی خریدتے نظر آئے تاکہ سحری میں توانائی بخش غذا کا استعمال یقینی بنایا جا سکے، دکانداروں کے مطابق رمضان شروع ہوتے ہی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ سحری کے اوقات میں رش اپنے عروج پر ہوتا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہر کی راتیں ایک بار پھر روایتی گہما گہمی اور روح پرور مناظر پیش کر رہی ہیں۔
