18 Feb 2026
(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق جنوری میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکل کر سرپلس میں آ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق جنوری کے دوران ملکی کرنٹ اکاؤنٹ 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دسمبر میں کرنٹ اکاؤنٹ 39 کروڑ ڈالر خسارے میں تھا۔
ماہانہ بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری کی بڑی وجہ ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں اضافہ ہے، جس کے باعث بیرونی کھاتوں کا توازن بہتر ہوا، تاہم سالانہ بنیاد پر صورتحال مختلف رہی اور بڑھتی ہوئی درآمدات کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ میں تنزلی دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 56 کروڑ ڈالر سرپلس تھا۔
