(لاہور نیوز) پتنگ بازی کے خلاف جاری مہم کے دوران نارتھ کینٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں کی سپلائی ناکام بنا دی۔
ایس ایچ او نارتھ کینٹ رومان اقبال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے ملزمان فلک شہزاد اور علیم اقبال کو نارتھ کینٹ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 100 تیار پتنگیں، 100 سے زائد پتنگیں تیار کرنے والا گڈی پیپر اور 19 عدد قاتل کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے بذریعہ آن لائن آرڈر پتنگیں اور کیمیکل ڈور منگوا کر پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے دور رکھیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے، پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور پتنگ سازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
