25 Nov 2025
(لاہور نیوز) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہر لاہور میں امپورٹڈ، سمگل شدہ اور جعلی سگریٹس فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز عدیل امجد کی ہدایت پر ای ٹی او عزیر جٹھول کی سربراہی میں شادمان سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی کے دوران ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی، اسمگل شدہ اور جعلی سگریٹس برآمد کیے گئے، جن پر جعلی بارکوڈز لگائے گئے تھے۔ تمام ضبط شدہ سگریٹس کو ایف بی آر دفتر میں جمع کروایا جا رہا ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ سگریٹس زیادہ تر سمگلنگ کے ذریعے مقامی مارکیٹوں تک پہنچتے ہیں، جس سے نہ صرف حکومتی ریونیو کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام بھی مضرِ صحت اور غیر معیاری تمباکو نوشی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
