(لاہور نیوز) نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ریڈ بال ٹیم کا کیمپ 9 ستمبر سے لاہور میں شروع ہو گا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہونے والے ریڈ بال کیمپ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اس کیمپ میں 11 کرکٹرز شرکت کریں گے جنہیں 8 ستمبر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیمپ 28 ستمبر تک جاری رہے گا جس کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس اور تکنیکی مہارت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
کیمپ کی نگرانی عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود کریں گے جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز اور سٹاف کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، کھلاڑیوں کو سناریو بیسڈ میچز بھی کھیلنے کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ مختلف حالات میں اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں۔
کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، علی رضا، اذان اویس، بابر اعظم، کامران غلام، محمد علی، محمد حریرہ، محمد سلمان، روحیل نذیر، ساجد خان اور شامل حسین شامل ہیں، یہ کھلاڑی اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس کیمپ میں اپنی بھرپور محنت کریں گے۔
