
(لاہور نیوز) بیرون ملک جان کا خطرہ ہونے یا کسی مجبوری کے تحت عدالت تک بیان قلمبند کرانے کے لئے نہ آ سکنے والے سائلین کو ہائیکورٹ نے ویڈیو لنک کی بڑی سہولت فراہم کر دی۔
ہائیکورٹ نے تمام سیشن ججوں کو عدالتوں کے اندر اور باہر ایل سی ڈی لگانے کی ہدایت جاری کر دی، ایل سی ڈی کی چوڑائی چودہ انچ اور لمبائی بیس انچ ہو گی، سماعت عدالت میں اردو میں اور باہر سکرین پر انگلش میں دیکھی جا سکے گی۔
عدالتوں کے باہر ویڈیو لنک کے فارم لٹکا دیئے جائیں گے جہاں سے وکلا یا سائل فارم لے کر اپنی عدالت کے جج کو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان یا شہادت قلمبند کرانے کی درخواست کرے گا، ویڈیو لنک بیان کی کاپی فراہم نہیں کی جائے گی۔
اس کے علاوہ جو بیان یا شہادت کے لئے درخواست دے گا وہی گواہوں کو ایک جگہ یکجا کرنے کا پابند ہو گا، ویڈیو لنک سے جو بیان قلمبند کرائے گا، جو اخراجات آئیں گے، وہ درخواست گزار برداشت کرے گا۔