(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر ایک بس کے خفیہ خانوں سے 14.4 کلوگرام چرس اور 800 گرام افیون برآمد کی گئی، کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری بڑی کارروائی لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں میاں پلازہ کے قریب کی گئی، جہاں ایک مشتبہ گاڑی سے 5 کلوگرام کرسٹل آئس برآمد کی گئی، اس کارروائی میں 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
