
(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت متعدد اضلاع میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں بارش کی مقدار کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لیہ میں سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوٹ ادو میں 31 ملی میٹر، ڈیرہ غازی خان میں 29 ملی میٹر، بھکر میں 23 ملی میٹر، میانوالی میں 8 ملی میٹر، لاہور میں 7 ملی میٹر اور نارووال میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ قصور میں 3 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 2 ملی میٹر جبکہ ملتان میں صرف 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ، منگلا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، بہاولنگر، ساہیوال، بہاولپور اور گوجرانوالہ میں بھی بارشیں ہوئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر الرٹ رہیں۔