(لاہور نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کیلئے لاہور میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی لاہور سے برآمد ہوا، جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے جو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے جلوس کے مقرر کردہ راستوں پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے شہر لاہور میں ذوالجناح کے جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا، جن میں حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کا ذکر اور شہدائے کربلا کی عظمت کو اجاگر کیا جا رہا ہے، عزاداروں کی جانب سے غم حسین میں نوحہ خوانی اور عزاداری کی جا رہی ہے۔
لاہور میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر ختم ہو گیا، عزا داروں نے غم حسین میں نوحہ خوانی اور عزا داری کی، پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے بھی نثار حویلی لاہور کے دورہ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
