(لاہور نیوز) ڈی جی نیب لاہور کی ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، 200 متاثرین نے دادرسی کیلئے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں ہاؤسنگ سیکٹر کے حوالے سے نیب کے تاریخی اقدام سے عوام کو آگاہ کیا گیا، نیب لاہور کی کاوشوں سے ہاؤسنگ سوسائٹیاں آئندہ اپنے پرنٹڈ فارموں کے بجائے حکومت پنجاب کے جاری شدہ سکیورٹی پیپرز پر فائلوں کی الاٹمنٹ کریں گی، عوام سے دھوکہ دہی کے تمام مقدمات میں متاثرین کی سہولت کیلئے ڈی جی نیب نے وٹس ایپ گروپ تشکیل دینے کے احکام بھی جاری کئے۔
امجد مجید اولکھ کا کہنا تھا وٹس ایپ گروپس میں ملزموں کے خلاف ہونے والی ہر پیش رفت سے متاثرین کو بروقت آگاہی فراہم کی جائے، مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے رقوم کی واپسی کے خواہش مند متاثرین کی فوری دادرسی کیلئے موقع پر ہی سوسائٹی حکام کو احکام جاری کئے گئے۔
ترجمان نیب لاہور کے مطابق400 متاثرین کو کروڑوں روپے کے پلاٹ اور فلیٹس جبکہ 40 فیصد کو رقم واپس دلوا چکے ہیں، نیب قانون کے مطابق 100 متاثرین کی تعداد مکمل نہ ہونے کے باعث شکایات ایل ڈی اے اور آئی جی پنجاب کو ارسال کروانے کے احکام جاری کئے گئے۔
نیب لاہور کی جانب سے رواں سال ساڑھے 15 ہزار متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کروایا جا چکا ہے۔