(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کل فائنل کال اور انقلاب ڈے تھا لیکن لوگ کال پر لبیک کہتے باہر نظر نہیں آئے۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کل بشریٰ بی بی کو فساد مارچ کو لیڈ کرتے اور خطاب کرتے سنا، بشریٰ بی بی نے کہا ہم نے بانی پی ٹی آئی کو چھڑا کر لانا ہے، کل وہ ٹرک پر موجود تھیں یہ پتہ نہیں کیسی شریعت ہے، عدالت جانا ہو تو وہ کہتی ہیں نامحرم کے ساتھ نہیں جا سکتیں، خیبرپختونخوا والوں کی ابھی تک آنکھ نہیں کھلی، خیبرپختونخوا والا انقلاب ابھی تک سو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کل لاہور سمیت پورے پنجاب سے 80 مجاہدین کو گرفتار کیا گیا ہے، پچھلی کال پر پھر بھی 250 لوگ نکل آئے تھے، کل آخری کال پر صرف 80 لوگ پورے پنجاب سے باہر نکلے، افسوس خیبرپختونخوا کے لوگوں پر ہے شاید انہوں نے اپنے مقدر پر سمجھوتہ کر لیا ہے، پاراچنار اور کرم میں دہشتگردی کی کارروائیاں ہوئیں مگر علی امین گنڈاپور وفاق پر چڑھائی کیلئے آ رہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا پرامن اور پی ٹی آئی دو مختلف چیزیں ہیں، یہ نہ پرامن ہیں اور نہ سیاسی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے لاہور اور پنجاب کے عوام کا میں شکریہ ادا کروں، بار بار فتنے کی کال کو مسترد کرکے عام آدمی کی طرف سے وزیراعلیٰ کو سپورٹ ملتی ہے۔