26 Oct 2024
(لاہور نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی برقرار ہے، انفلوئنزا اور وائرل انفیکشن سے شہری متاثر ہونے لگے۔
ہسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں میں اضافہ جاری ہے، انفلوئنزا فلو کی ویکسین بھی نایاب ہو گئی، بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور خشک کھانسی کا پھیلاؤ بڑھ گیا۔
اس کے علاوہ آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں بھی اضافہ ہونے لگا جبکہ عارضہ قلب اور دمہ کے مریض بھی شدید متاثر ہیں۔
گزشتہ ایک روز میں شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اب تک سموگ سے لاتعداد مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 920 سے زائد مریض رپورٹ، جناح ہسپتال میں 860 جبکہ گنگارام ہسپتال میں 710 سے زائد مریض لائے گئے، سروسز ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بھی بڑی تعداد میں مریض رپورٹ ہوئے۔