(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کا (آج) ہفتہ سے آغاز ہورہا ہے۔
ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں میدان میں اتریں گی، دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اپنے ٹائٹل کا دفاع اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں پشاور ریجن کے خلاف میچ سے شروع کرے گی۔
قائداعظم ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 26لاکھ روپے ہے، 75لاکھ روپے فاتح ٹیم کے لئے رکھے گئے ہیں جبکہ رنرز اپ ٹیم 40 لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔
18 ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ایبٹ آباد ریجن، فیصل آباد ریجن، حیدر آباد ریجن، اسلام آباد ریجن، لاہور ریجن وائٹس اور لاڑکانہ ریجن کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔
اے جے کے ریجن، بہاولپور ریجن، کراچی ریجن وائٹس، ملتان ریجن، پشاور ریجن اور راولپنڈی ریجن گروپ بی کا حصہ ہیں جبکہ گروپ سی میں ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا ریجن، کراچی ریجن بلیوز، لاہور ریجن بلیوز، کوئٹہ ریجن اور سیالکوٹ ریجن شامل ہیں۔
ہر ٹیم کو گروپ مرحلے میں کم از کم پانچ میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم ٹرائنگولر مرحلے میں آگے بڑھے گی، سہ فریقی مرحلے میں ہر گروپ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم دو میچ کھیلے گی، جس میں سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 14 سے 18 دسمبر تک ہوگا، سہ فریقی مرحلے اور فائنل کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔