الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اکیڈمک اسکالر شپ پروگرام کا سالانہ کنونشن،طلبا میں سرٹیفکیٹ تقسیم
(لاہور نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں الخدمت اکیڈمک اسکالر شپ پروگرام کے سالانہ کنونشن کاانعقادہوا،جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل وچئیرمین الخدمت ایجوکیشن پروگرام سیدوقاص جعفری،نیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن ڈاکٹراحمدجبران ، ہیڈ فزیو ڈیپارٹمنٹ سی ایم ایچ لاہور ڈاکٹر قدسیہ شمیم، مختلف یونیورسٹیز کے ایچ او ڈیز ،الخدمت اکیڈمک اسکالرز، پروفیسرز اور طلبہ طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
الخدمت اکیڈمک سکالر شپ پروگرام کے منیجر علی ارسالان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور نئے اسکالر شپ ہولڈرز کو اسکالر شپ سرٹیفیکیٹ فراہم کئے گئے۔ کنونشن میں شریک طلبہ و طالبات سے اعلی تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔
اِس موقع پر سید وقاص جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے، بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ خاص طور پر ہائیر ایجوکیشن میں طلباء کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑ نی پڑتی ہے۔ایسے میں الخدمت اکیڈمک اسکالر شپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت اس اسکالرشپ کے تحت اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل مستحق لیکن ذہین طلبہ و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کررہی ہے۔ ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لئے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس وقت الخدمت اکیڈمک ا سکالر شپ کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 1174 ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ذات اور سیاسی وابستگی تعلیمی وظائف فراہم کیے جارہے ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ اب تک جن اسکالرز نے الخدمت اکیڈمک سکالر شپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کی ان میں 651 ڈاکٹرز، 715 انجینئرز، 1194بی ایس آنرز/ماسٹرز، 260 ایسوسی ایٹ انجینئرنگ، 530گریجویشن اور 2061 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 5411 ذہین اور ہونہار طلبہ و طالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 53 کروڑ 61لاکھ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔
ڈاکٹرمشتاق احمدمانگٹ کا تقریب کے شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسائل کے ادراک سے احساس تک کاسفرجلدطے کرناہوگا جب یہ احساس ہوگا تو میں اپنے پاس موجود وسائل،صلاحیتیں ایسے ضرورت مندوں پر خرچ کریں گے،اربوں روپے مالیت کے پراجیکٹس کی تکمیل میں دیگراسٹیک ہولڈرز کے ساتھ الخدمت رضاکاروں کااہم کردار ہے۔ہم 27ہزا رآن لائن رضاکار رجسٹرڈکر چکے 10لاکھ رضاکار بنانا ہماراٹارگٹ ہے۔
نائب صدراحسان اللہ وقاص نے کہاکہ ہمیں ایک دوسرے کا دست وباز وبنناہوگا تاکہ جب آپ کوضرورت ہوتو آپ کی مددکیلئے بھی کوئی موجودہو۔نیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن ڈاکٹراحمدجبران بلوچ نے کہا کہ الخدمت اکیڈمک اسکالر شپ وظیفہ فراہم کرنے کے ساتھ پورا سال طالب علم کی کارکردگی کا جائزہ لیتی اور رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے۔ الخدمت اکیڈمک اسکالرز کو مستقبل میں اپنے کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے رہنمائی کے لئے مانیٹرنگ، کوچنگ اور کیر ئیر کونسلنگ سیمینار کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ ہیڈسی ایم ایچ لاہورڈاکٹرقدسیہ شمیم نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن میرے لیے ماں اور باپ کی طرح سایہ بنی،میری ہرکامیابی کاکریڈٹ الخدمت کو جاتا ہے،31گولڈمیڈلز اور کامیابیاں الخدمت کی وجہ سے ہیں۔