اسحاق ڈار اور اعظم نذیر کی بلاول بھٹو سے ملاقات، آئینی ترامیم بارے تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) ڈپٹی وزیر اعظم و سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں خورشید شاہ اور نوید قمر بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے گزشتہ رات ہونے والی ملاقات پر اتحادی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا، اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری کی آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق رائے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں نمبر گیم پر مشاورت جاری ہے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو سے چیمبر میں خورشید شاہ اور نوید قمر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو سپیکر آفس میں ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی، ملاقات میں اسمبلی میں پیش ہونے والے بل پر بھی بات چیت کی گئی۔
علاوہ ازیں سپیکر چیمبر میں قانون سازی بارے اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت اور اتحادیوں کے درمیان مشاورت ہوئی، اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، پی پی رہنما خورشید شاہ، نوید قمر اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
سپیکر چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترامیم پر بریفنگ دی۔