(لاہور نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اورکزئی کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ کو شکست دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کیے جانے والے کثیر الجہتی اقدامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جنرل سید عاصم منیر نے وادی تیراہ اور گردونواح میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور جوانوں کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف مؤثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا، آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز کیلئے مقامی آبادی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے میں مقامی آبادی کا مثبت کردار ضروری ہے، قوم کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہرقیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔