(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر قرضوں سے جان چھڑانا ہو گا۔
کابینہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایم ایف پروگرام کے بعد گروتھ کے اقدامات اٹھائیں گے، آئی ایم ایف کے حوالے سے دوست ممالک نے ایک مرتبہ پھربھائیوں والا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے وزیر خزانہ، کابینہ ارکان اور متعلقہ حکام کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، دعا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری پروگرام ہو، سٹیٹ بینک نے آج پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کی ہے جو کہ خوش آئند ہے، دعا ہے پالیسی ریٹ بھی مہنگائی کی طرح سنگل ڈیجٹ پر آجائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ میں آنے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، بجلی کے شعبے اور ایف بی آر میں اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، غزہ میں قتل عام پر عالمی ضمیر کو جاگنا چاہیے، غزہ میں اقوام متحدہ کے کارکنوں کا قتل افسوس ناک ہے۔