(ویب ڈیسک) شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، چیمپئنز ون ڈے کپ کا میلہ آج سے سجے گا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ آج محمد رضوان کی ٹیم مارخورز اور شاداب خان کی پینتھرز کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سہ پہر 3 بجے فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی میچ سے قبل ایک سے 2 بجے تک ڈھول گروپ پرفارمنس دے گا، اننگز بریک کے دوران آئمہ بیگ سروں کا جادو جگائیں گی۔
سٹیڈیم کے دروازے میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل شائقین کے لیے کھولے جائیں گے، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، سٹیڈیم کے اطراف میں راستوں کو بیریئر اور خاردار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔
3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی سٹیڈیم کے اطراف، ٹیموں کے روٹس پر تعینات ہوں گے جبکہ شائقین کے لیے سٹیڈیم کے اطراف میں پارکنگ کے لیے 6 پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔
بدھ کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پہلے چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں پانچوں ٹیموں کے کپتانوں اور مینٹورز نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا۔
اپنی نوعیت کے پہلے ون ڈے کپ میں پاکستان کے صف اوّل کے کھلاڑی بابراعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان، فخر زمان، نسیم شاہ سمیت تمام انٹرنیشنل کھلاڑی اور ڈومیسٹک پلیئرز شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 3 کروڑ روپے اور رنر اپ ٹیم کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی انعامی رقم ملے گی، پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی ٹورنامنٹ کے دوران موجود ہوں گے۔