11 Sep 2024
(لاہور نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو قائدِاعظم کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا ہے کہ قائدِ اعظم سے محبت و عقیدت کا تقاضا ان کے افکار کی پیروی ہے، عظیم رہنما قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کو سلام و عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرموداتِ قائدِ اعظم ہر سچے پاکستانی کے لیے مشعلِ راہ ہیں، قائدِ اعظم نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے خواب کی تکمیل کے لیے زندگی وقف کر دی تھی۔
مریم نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں تعمیر و ترقی کے لیے متحد رہنے کی توفیق عطاء فرمائے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لیے محنت، ایمانداری اور دیانتداری کو شعار بنانا ہو گا۔