(ویب ڈیسک) ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ریما خان اور نومولود بچے کی وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی۔
حال ہی میں ریما خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی تصویر پوسٹ کی تھیں جس میں اداکارہ کی گود میں نومولود بچہ بھی موجود تھا۔
ریما خان کی یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد اداکارہ کو دوسرے بچے کی پیدائش کی مبارکباد ملنا شروع ہوگئی تھیں۔
مداحوں کی جانب سے ملنے والی مبارکباد پر ریما خان تو خاموش رہیں لیکن اُن کے شوہر ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے تصویر کی حقیقت بتا دی۔
نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ یہ بچہ ریما خان کا نہیں بلکہ ان کی کزن کا بیٹا ہے۔
ریما خان کے شوہر نے کہا کہ دوسرے بچے کی پیدائش سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں بلکہ یہ تمام خبریں بےبنیاد اور محض افواہیں ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے اگر مستقبل میں اُن کے اور ریما خان کے ہاں کوئی خوشخبری ہوئی تو وہ خود میڈیا کے سامنے اس کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ ریما خان نے سال 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
ریما خان شادی کے بعد سے شوبز انڈسٹری سے دور ہیں لیکن وہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں۔