(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے حملے میں ہمارے 14 جوان شہید ہوئے ہیں، ہم نے 21 دہشت گرد مارے ہیں، بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، دہشت گردوں کا پورا بندوبست ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے، دہشت گردوں کے عزائم کچھ اور تھے تاہم ہماری فورسز نے ان کے عزائم کو ناکام بنایا ہے، یہ حملے ایک دم نہیں باقاعدہ پلاننگ کےتحت ہوئے ہیں، دہشت گردوں کا بندوبست کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والا کوئی بھی ہو وہ دہشت گرد ہے، ہمارے کسی انٹیلی جنس ادارے کی کوئی ناکامی نہیں، دہشت گردی کا مسئلہ ہے، دہشت گردی میں تحریک طالبان ملوث ہے، جو بھی حملوں کو سپورٹ کر رہا ہے وہ دہشت گرد ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ٹھیک کہتے ہیں یہ ناراض نہیں دہشت گرد ہیں، اب کوئی صورت نہیں کہ ہم دہشت گردوں کو ناراض بلوچ کہیں، جو لوگ ناراض ہیں ان کو منائیں گے لیکن دہشت گردوں سےکوئی بات نہیں ہو گی۔