آئی جی پنجاب کا کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پر اہلخانہ سے مسرت کا اظہار
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پر اہلخانہ سے مسرت کا اظہار کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ڈاکوؤں سے بازیاب کروائے گئے کانسٹیبل احمد نواز کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی، کانسٹیبل احمد نواز کے بھائی، والد، چچا و دیگر اہلخانہ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل احمد نواز کے اہلخانہ کو گلے لگایا اور حوصلہ افزائی کی، انہوں نے کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پر اہلخانہ کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا پنجاب پولیس کا ہر جوان ہمارے لئے اہم ہے، احمد نواز کی بازیابی اولین ترجیح تھی، پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، کچہ ایریا سے تمام شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او بہاولپور رائے بابر، ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل سمیت سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔