(لاہور نیوز) اسلام آباد کے بعد تحریک انصاف کا لاہور کا جلسہ بھی ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔
تحریک انصاف نے لاہور میں 27 اگست کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، تاحال انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسہ کے لئے باضابطہ اجازت نہیں ملی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی سی لاہور کو پانچویں درخواست جمع کرا دی گئی، پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اکمل خان باری نے درخواست ڈی سی آفس جمع کرائی۔
اکمل خان باری کا کہنا ہے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود ڈی سی لاہور جلسہ گاہ کی جگہ بارے آگاہ نہیں کر رہے، ڈی سی لاہور کو عدالتی آرڈر کی کاپی بھی جمع کروا دی ہے، ہم نے جلسہ ملتوی نہیں کیا لیکن انتظامیہ تاحال جلسے کے لئے جگہ مختص نہیں کر رہی۔
خرم کھوسہ کا کہنا ہے ہمیں جلو کی طرف سے جگہ دینے کا کہا گیا مگر عمل نہیں کیا جا رہا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور کا ستائیس اگست کا جلسہ ملتوی ہونے کا امکان ہے، تحریک انصاف لاہور کی قیادت کی عدم موجودگی کی وجہ سے جلسے کی تیاریاں بھی نہیں ہو سکیں، پی ٹی آئی لاہور کی قیادت اختلافات کا شکار ہے، لاہور کے کارکنان بھی قیادت سے نالاں ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے ڈی سی لاہور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔