(لاہور نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔
حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آج ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے، مدینہ منورہ کی طرز پر خودکار طریقے سے کھلنے والی چھتریاں بنائی جائیں گی، اللہ تعالیٰ ہم گنہگاروں کے ہاتھوں سے منصوبہ مکمل کرائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمہ شریف کے نام پر بنا تھا، اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت روز قیامت تک کریں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا گیا، یہ ملک میزائلی قوت بھی بن چکا ہے، اب اس ملک کو معاشی قوت بنانا ہے۔
ڈپٹی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2017 میں سیاسی عدم استحکام نہ ہوتا تو ملک معاشی قوت بن چکا ہوتا، جی 20 کی طرف جانے والا ملک گرکر 47 ویں معیشت بن گیا، 2018 کے بعد مہنگائی کا طوفان ہے، بجلی کی قیمت آسمان پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا، وزیر اعظم کی قیادت اور میاں نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات کوششیں ہو رہی ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے، معیشت کو ترقی دی جائے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی، وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستے کی مانند ہیں، قانون اپنا راستہ اپنا رہاہے اور 9 مئی کے ذمہ داروں کو سزائیں ملیں گی۔