(لاہور نیوز) لاہور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین حادثہ پیش آنے کے باعث ٹریک سے اتر گئی۔
عوام ایکسپریس کی اے سی بزنس کلاس بوگی ریلوے سٹیشن کے 5 نمبر پلیٹ فارم پرڈی ریل ہو گئی جس کے نتیجے میں پلیٹ فارم ٹوٹ پھوٹ گیا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ٹریک اور پلیٹ فارم کا کافی نقصان ہوا۔ ٹرین کی یہاں پلیٹ فارم نمبر 5 پر پھنسی ہوئی بوگیوں کو نکال کر دوسرے پلیٹ فارم پر لگایا گیا۔
ٹرین کو نئی اے سی بزنس کلاس بوگی نہ مل سکی ۔ آخر مسافروں کو اے سی بزنس کلاس کی بجائے دوسری ائیرکنڈیشنڈ بوگی میں بٹھا کر 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد کراچی روانہ کیا گیا، ریلوے انتظامیہ کی حادثے کا شکار بوگی کو پٹری پر لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، 20 سے زائد مسافروں کو لوئر اے سی کلاس میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
عوام ایکسپریس ٹرین کے مسافروں نے اس صورتحال پر لاہور ریلوے اسٹیشن پر احتجاج بھی کیا تاہم ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو سمجھا بجھا کر صورتحال کو مینج کر لیا۔