مدیحہ نقوی آغا علی کی طلاق کی بات سے مکر گئیں ، ٹی وی میزبان نے معاملہ زبان پھسلنے پر ڈال دیا
(ویب ڈیسک)مدیحہ نقوی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے کے بعد بیان سے پیچھے ہٹ گئیں۔
حال ہی میں پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجازاور ونیزہ احمد نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی،جہاں ان دونوں اداکاراؤں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی تھی۔میزبان مدیحہ نقوی نے شو کے ایک سیگمنٹ کے دوران انکشاف کیا تھا کہ آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور فی الحال! دونوں ہی تنہا زندگی گزار رہے ہیں۔
مدیحہ نقوی کی اس تصدیق کے بعد، اُن کے شو کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، حنا الطاف اور آغا علی کی طلاق کی خبر سرخیوں کی زینت بن گئی تھی لیکن اب میزبان اپنے بیان سے مکر گئیں اورخبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی جوڑے کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے والی میں کون ہوتی ہوں؟
اُنہوں نے کہا کہ میرے مارننگ شو میں اداکاراؤں کے درمیان ایک گیم کھیلا جارہا تھا اور اس دوران میری زبان پھسل گئی تھی، مجھے سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے تھا۔میزبان نے کہا کہ میرے سامعین جانتے ہیں کہ میں کبھی بھی کسی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی باتیں نہیں کرتی۔
مدیحہ نقوی نے مزید کہا کہ میں حنا الطاف اور آغا علی کی جوڑی کو بہت پسند کرتی ہوں، میں ان دو خوبصورت انسانوں کو تکلیف پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔