17 Aug 2024
(لاہور نیوز) سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کردی ہے۔
سابق آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ اپنے ہی گھر میں اپنی گرفتاری کی خبر چائے کی چسکی لیتے ہوئے سُن رہا ہوں، اسے زرد صحافت کہتے ہیں۔
شاہد سلیم بیگ نے ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی جس میں ٹی وی پر اُن کے حراست میں لیے جانے کی خبر چل رہی تھی، انہوں نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کی اور کہا کہ میں اپنے گھر پر موجود ہوں، ابھی زیادہ بات نہیں کرسکتا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آئی جی جیل خانہ جات کو حساس اداروں نے حراست میں لیا تھا اور تحقیقات کے بعد انہیں رہا کر کے گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔