(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کردی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت نیب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس کی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء نے مخالفت کی۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اب تک ہونے والی تفتیش کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
بعدازاں احتساب عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کردی اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔