(لاہور نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی آسٹریلیا سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق جیسن گلیسپی بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچے ہیں، ہیڈکوچ کی قومی ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سابق کپتان وقار یونس سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز اور شاہینز کے دورہ آسٹریلیا پر گفتگو ہوگی، جیسن گلیسپی کی آئندہ چند روز میں سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران سے ملاقات کا بھی امکان ہے جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ممکنہ سکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہونی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا مزید کہنا تھا جیسن گلیسپی بنگلہ دیش اے کیخلاف چار روزہ سیریز کیلئے شاہینز سکواڈ پر بھی نظر رکھیں گے۔
واضح رہے جیسن گلیسپی نے ڈارون میں پاکستان شاہینز کی ریڈ بال ٹیم کی بھی کوچنگ کی تھی۔