(ویب ڈیسک) بھاری بھر کم بجلی کے بلوں سمیت دیگر 10 مطالبات منوانے کیلئے راولپنڈی کے لیاقت باغ چوک مری روڈ پر جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کا آج 10 واں روز ہے۔
راولپنڈی میں بادل چھائے ہوئے ہیں جس سے موسم خوشگوار ہے، ناشتے میں نان اور گرما گرم حلوے سے شرکاء کی تواضع کی گئی جبکہ کارکن ناشتے کے بعد تازہ دم ہیں اور کہتے ہیں کہ مطالبات منوائے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ ناقص معاہدوں نے معیشت کو اپنے شکنجے میں لے لیا، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی اور فرانزک آڈٹ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر، صنعتکار ،ملازمت پیشہ، پنشنرز، خواتین اور طلبہ سب اس دھرنے کے ساتھ جڑ گئے ہیں، ’حق دو عوام کو‘ دھرنا سوشل میڈیا کا ٹرینڈ بن چکا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان آئینی، سیاسی، پارلیمانی، جمہوری بحران سے دوچار ہے، ملک میں عدم استحکام ہے، حکومت کی کہیں بھی رٹ نہیں، یہ کابینہ پارلیمنٹ میں چیزوں کو بلڈوز کرتے ہوئے اپنی حکمرانی چلا رہی ہے، ان کا عوام کے دلوں اور ذہنوں میں کوئی مقام نہیں۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ آئین پامال اور قومی معیشت سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی سے وابستہ افراد اور کارکنان دھرنے کو اپنا دینی اور ملی فریضہ سمجھتے ہیں، گھروں میں بیٹھی خواتین اس دھرنے کی کامیابی کیلئے دعائیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا مطالبہ ہے جاگیر داروں سے مناسب ٹیکس وصول کیا جانا چاہیے، ایک مٹھی بھر مراعات یافتہ طبقہ پرتعیش زندگی گزارتا ہے، مراعات یافتہ طبقہ عیاشی کو ترک کر دے۔