(ویب ڈیسک) ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان خلیل الرحمان قمر کی لیک ویڈیوز پر اُن کی بیٹی اور فیملی کو تنقید کا نشانہ نہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کسی کے بھی اسکینڈل میں اُس کی فیملی یا اُس کی بیٹی کو بےعزت کرنا اور بُرا بھلا کہنا بہت ہی غلط بات ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر صاحب کے کیس میں ابھی تک جو کچھ بھی ہوا ہے یا آگے جو کچھ ہونے والا ہے، اُس سے اُن کی فیملی یا اُن کی بیٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر کے کسی بھی عمل کے لیے اُن کی بیٹی یا فیملی ذمہ دار نہیں ہے، لہٰذا اُن کی بیٹی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کرنا اور اُن کے بارے میں منفی تبصرے کرنا انتہائی شرمناک حرکت ہے۔مشی خان نے مزید کہا کہ خلیل الرحمان صاحب بالغ اور باشعور انسان ہیں، اُنہوں نے اپنی مرضی سے وہ عمل کیا ہے، وہ اپنے عمل کے ذمہ دار خود ہیں لہٰذا اس عمل کے لیے اُن کی فیملی یا بیٹی کو ٹرول کرنا بند کردیں۔
واضح رہے کہ ہنی ٹریپنگ معاملے میں خلیل الرحمان قمر کی نازیبا ویڈیوز لیک ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خلیل الرحمان قمر کی ٹک ٹاکر بیٹی حجاب خلیل کو شدید ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔