(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت سے عبرتناک شکست پر شوبز شخصیات نے قومی ٹیم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
گزشتہ روز نساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 120 رنز کا ہدف دیا مگر شاہین اپنی اڑان ہی بھول گئے، پاکستانی ٹیم بھارت کے آسان ہدف کے تعاقب میں بھی ناکام رہی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر اپنے شائقین کے دل جیت لیے جبکہ پاکستانی شائقین مایوس ہوگئے۔
قومی ٹیم کی بدترین شکست پر جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ مایوس دکھائی دیئے وہیں شوبز ستاروں نے بھی قومی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔
کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے دلچسپ انداز میں قومی ٹیم کے لیے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تم ہارو یا ہارو، بس ہمیں تم سے یہی امید ہے۔
اداکار اسد صدیقی نے بھارت کے خلاف شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قسم سے افسوس ہی ہوتا ہے، بہت ہی خراب کرکٹ۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صرحا اصغر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں قومی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ "جیتے ہوئے میچ کو ہارنا صرف ہمیں ہی آتا ہے"۔
گلوکار عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بالکل فضول کرکٹ، کوئی پلان ہی نہیں ہے، کرکٹ کو خدا حافظ"۔
اداکارہ حرا خان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ٹی وی سکرین کی تصویر شیئر کی جس میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 2 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے اور ساتھ لکھا کہ ہمیں ایسے ہی مار دو۔