(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی سمیت علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں سی پیک کی ترقی کے لئے مسلسل عزم اور حمایت کا اظہار کیا اور سی پیک کو اپ گریڈ کر کے مزید تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
دوسری جانب دونوں رہنماؤں نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی جس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کی یقین دہانی کروائی۔
مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ویژن، فلم، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر سمیت 23 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔
ملاقات کے بعد چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔