(لاہور نیوز‘ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے، سعودی عرب میں خطبہ حج 15 جون کو ہوگا اور عیدالاضحیٰ 16جون کو ہو گی۔ پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 7 جون کو ہو گا جس میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے متعلق شرعی شہادتیں لی جائیں گی۔
سعودی حکام نےسعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آنے کا اعلان جمعرات کو کیا۔ مملکت میں عرفات کا دن 15 جون کو ہوگا اور عیدالاضحیٰ 2024 کا پہلا دن 16 جون بروز اتوار کو ہوگا۔
اس اعلان کے مطابق آج 7 جون کو سعودی عرب میں ذی الحج کا پہلا دن ہے اور ایامِ حج کا آغاز ہو گیا ہے۔
پاکستان میں رویتِ ہلال
پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج جمعہ کو بیٹھے گی۔ آج جمعہ کو نیا چاند دیکھ لیا گیا تو پاکستان میں عید کا پہلا دن 17 جون 2024 کو پیر کے روز ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کی بلڈنگ میں ہو گا جبکہ زونل اجلاس تین صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں نماز مغرب سے 30 منٹ قبل شروع ہوں گے۔