(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ 9 مئی کی ملزمہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کےخلاف درخواست کا فیصلہ 14 مئی کو سنایا جائے گا۔
جسٹس علی باقر نجفی ، خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین کی درخواست پر فیصلہ سنائیں گے، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 11 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔
اس کیس میں ہوم سیکرٹری پنجاب میاں شکیل احمد سمیت دیگر افسران عدالت پیش ہوچکے ہیں ۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا آرڈر غیر قانونی طوردیا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے نظربندی کیخلاف درخواست خارج کرنے کی استدعا کی تھی ،درخواست میں پنجاب حکومت ، ہوم سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔