(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے خواجہ سراؤں کی چیکنگ کے حوالے سے خصوصی ایس او پیز جاری کر دیئے۔
پولیس کی جانب سے جاری 5 نکاتی ایس او پیز کے مطابق مرد پولیس اہلکاروں پر خواجہ سراؤں کی تلاشی لینے پر پابندی عائد کر دی گئی، خواجہ سراؤں کے تمام نوعیت کے مقدمات پولیس تحفظ مرکز میں ڈیل ہوں گے، حکم نامہ تھانوں اور چوکیوں میں مجاز افسروں کو فراہم کردیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کھاریاں میں پولیس اہلکاروں کی خواجہ سراؤں سے دوران تلاشی مبینہ طور پر بدسلوکی کے بعد ان کے ساتھی خواجہ سراؤں نے پولیس سٹیشن پر حملہ کر دیا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔
متاثرہ خواجہ سراء کی مدعیت میں دو پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا کہ کانسٹیبل عمر بلال اور اس کے ساتھی اہلکار نے اسے ریلوے پھاٹک کے قریب زبردستی روکا اور حبس بیجا میں رکھ کر ہراساں کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سراء کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اس کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تھی جس پر میں نے انہیں روکا تو انہوں نے مجھے تھپڑ مار دیا، میرا پیشہ بیوٹیشن ہے لیکن وہ مجھے کسی اور کام کیلئے زور دے رہے تھے جو کہ میں نہیں کر سکتی تھی۔