(لاہور نیوز) شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کے دوران 4 غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ایل ڈی اے ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے فاضلیہ کالونی میں دو غیرقانونی لینڈ سب ڈویژن کو مسمار کر دیا، مین فیروز پور روڈ کے اطراف میں غیرقانونی کمرشل دکانیں گرا دی گئیں، عالیہ نگر میں غیرقانونی سٹرکچر مسمار کر دیا گیا۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون عائشہ مطاہر نے کی، آپریشن میں ایل ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ اور پولیس نے حصہ لیا۔
شہر میں تجاوزات کے گرد گھیرا بھی تنگ کر دیا گیا، زونل آفیسر پارس زبیر کی زیر نگرانی شالیمار زون میں انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا، 135 سے زائد عارضی تجاوزات ضبط کر کے سٹور میں جمع کروا دی گئیں، تجاوزات پر 19 چالان اور 26 افراد کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے، اہم شاہراہوں اور علاقوں سے 180 بینرز اور سٹیمرز ہٹائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا کی سرکوبی کیلئے بلدیہ عظمیٰ لاہور پوری قوت کے ساتھ متحرک ہے، روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری ہے۔