(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ ایگری کلچر اور ماحولیات کی جانب سے مل کر گندم کی فصل کی باقیات جلائی گئیں، جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ سب ملے ہوئے ہیں پتہ نہیں اس ملک کا کیا ہوگا۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ماحولیات کے وزیر سے جوڈیشل ممبران کی میٹنگ اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت عالیہ نے ٹولنٹن مارکیٹ میں ممبر جوڈیشل کمیشن کی جانب سے صفائی ستھرائی کا پلان دینے کے اقدام کی تعریف کی۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کی مون مارکیٹ کے گردونواح میں کچرا پڑا ہے، یہ حکومت کا صاف ستھرا پنجاب ہے۔
جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ اپنا کریڈٹ لیتی ہے، وزیر کو پتہ کچھ نہیں ہوتا افسران سب کچھ بتا دیتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کردی۔